نئی دہلی23جنوری( ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) نائب صدر جمہوریہ ہندایم وینکیا نائیڈو نے کہا ہے کہ ہر شہری کو ٹیکس کی ادائیگی کو اپنا مقدس فریضہ تصور کرناچاہیے، کیونکہ ٹیکسوں کی مدد سے ترقیاتی اور بہبودی اقدامات عمل میں لائے جاتے ہیں اور اس کی عدم ادائیگی کی صورت میں حکومتیں وافر مالیات نہیں بہم پہنچاپاتیں۔ایم وینکیا نائیڈو مارکیٹنگ اور فائیننس اور اس سے متعلق ہم عصر چنوتیوں کے موضوع پر کیشو میموریل کالج واقع حیدرآباد میں منعقدہ قومی سمینار میں اظہار خیال کررہے تھے۔ تلنگانہ کے ڈپٹی وزیر اعلیٰ جناب محمد محمود علی اور دیگر معززین بھی اس موقع پر موجود تھے۔نائب صدر جمہوریہ ہند نے کہا ہے کہ ٹیکس کی چوری کرنے والوں سے پوری سختی سے نمٹا جائے گا اور اس کے ساتھ ہی ساتھ اس امر کو بھی یقینی بنایا جانا ضروری ہے کہ ازحد جوشیلے افسروں کی جانب سے غیرضروری جوش و خروش کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیکس دہندگان کو غیرضروری طور پر ہرگز ہراساں نہ کیا جاسکے۔ حکمرانی میں شفافیت، جواب دہی کو یقینی بنائے گی اور حکومت کو کی جانے والی ادائیگیوں کی صورت حال کو بھی بہتر بنائے گی۔نائیڈونے کہا کہ جی ایس ٹی کے متعارف کرائے جانے کے ساتھ ہی آزادی کے بعد سے اب تک کی سب سے بڑی ٹیکس اصلاح عمل میں آئی ہے۔ اب بھارت حتمی طور پر ایک ملک ایک منڈی کے اصول کے تحت آگیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ اس اصلاح نے بالواسطہ ٹیکس کے پورے نظام کو ملک میں بدل کر رکھ دیا ہے، کیونکہ اس نظام کے تحت مختلف ریاستی حکومتوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کی حکومتوں کی جانب سے عائدکیے جانے والے مختلف النوع ٹیکسوں کی بجائے صرف ایک نوعیت کا ٹیکس عائد ہوگیا ہے، اس نے کاروباریوں اور تاجروں کے لیے کاروبار کرناآسان کیا ہے اور بھارت کے جمہوری اور وفاقی ڈھانچے میں دو فریقی شراکت داری کی فتح کا اعلان کیا ہے۔